ضمنی الیکشن: خیبر پی کے میں جے یو آئی ف‘ اے این پی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ‘ اتحاد کا فارمولا طے
پشاور (بیورو رپورٹ) صوبہ خیبر پی کے میں منعقد ہونیوالے ضمنی انتخابات کیلئے جمعیت علماءاسلام اور عوامی نیشنل پارٹی کے درمیان اتحاد کا فارمولا طے پا گیا۔ سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے اتحاد بنانے کیلئے مذاکراتی ٹیم میں اے این پی کی جانب سے سابق وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور‘ غلام مصطفیٰ اور مشتاق احمد جبکہ جے یو آئی کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ اکرم درانی اور صوبائی ترجمان جلیل جان شامل تھے۔ مذاکرات کے بعد دونوں پارٹیوں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے تحت این اے 1 پشاور‘ این اے 5 اور پی کے 23 پر اے این پی کے امیدوار کھڑے کئے جائیں گے جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ 13 این اے 24‘ این اے 27‘ این اے 25 جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 42 اور پی کے 27 سے جے یو آئی کے امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔ متذکرہ حلقوں میں دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کے مقابلے میں اپنے امیدوار نہیں کھڑے کریں گی۔ واضح رہے اے این پی کے حصہ میں جو حلقے آئے ہیں ان میں این اے 1 پشاور کے عام انتخابات میں عمران خان کامیاب ہوئے تھے۔ قومی اسمبلی حلقہ این اے 5 نوشہرہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور پی کے 23 مردان سے سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کامیاب ہوئے تھے جبکہ قومی اسمبلی حلقہ این اے 13 صوابی سے سپیکر کے پی کے اسمبلی اسد قیصر‘ این اے 25 ٹانک‘ این اے 27 لکی مروت سے مولانا فضل الرحمان اور این اے 24 سمیت صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 42 سے جے یو آئی عام انتخابات میں کامیاب ہوئی تھی جبکہ صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 27 شیرگڑھ مردان سے پی ٹی آئی کے عمران مہمند کامیاب ہوئے تھے جو خودکش دھماکہ میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ صوبہ خیبر پی کے سے خالی ہونے والی مذکورہ قومی اور صوبائی سیٹوں پر ضمنی انتخابات 22 اگست 2013ءکو منعقد ہوں گے۔ انتخابی حوالے سے صوبہ کے پی کے میں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا پہلا اتحاد جے یو آئی اور اے این پی کے درمیان ہوا ہے جبکہ دوسری سیاسی پارٹیاں تاحال کسی اتحاد کا فیصلہ نہ کرسکیں۔