شیخوپورہ حادثہ میں جاں بحق 15 افراد کی رسم قل، شہر سوگوار

08 جولائی 2013

شیخوپورہ، فیروز والا، فیروز وٹواں (نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگاران) شیخوپورہ کے قریب رکشہ ٹرین تصادم میں جاں بحق ہونیوالے 15افرا د کی رسم قل ادا کردی گئی جس میں سینکڑوں لوگ شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، میاں جاوید لطیف، سردار عرفان ڈوگر ایم این اے، رانا افضال احمد ایم این اے، عارف خان سندھیلہ ایم پی اے اور پیر اشرف رسول ایم پی اے کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماﺅں نے بھی جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ٹیم کے ممبر اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب پولیس سید قلب عباس نے علاقے کا دورہ کیا اور حادثہ میں معجزانہ طور پر بچ جانیوالے آٹھ سالہ بچے سلطان علی کا بیان قلمبند کیا۔ شہر میں سوگ کی فضا قائم رہی اور لوگ جائے وقوعہ پر جاکر دیکھتے رہے۔ حادثہ میں ہلاک ہونے والے مزید چار افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ ان میں رشیداں بی بی، اسکے دو بچے مصباح بی بی اور کاشف ذوالفقار شامل ہیں۔ وفا قی وزےر برائے دفا عی پیداوار را نا تنوےر حسین نے کہا ہے کہ سانحہ خانپور قومی المیہ ہے۔ سانحہ میں ہلاک ہونیوالوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ را نا تنوےر حسین نے کہا کہ حادثہ کی مشترکہ تحقیقا تی کمیٹی کی رپورٹ اگلے 24 گھنٹوں میں آئے گی جس کی روشنی میں ذمہ داران کیخلاف کا روائی ہوگی۔