وسیم اکرم آسٹریلوی لڑکی سے شادی کرینگے، شنیرا اسلام قبول کر چکی

08 جولائی 2013
وسیم اکرم آسٹریلوی لڑکی سے شادی کرینگے، شنیرا اسلام قبول کر چکی

میلبورن (نوائے وقت رپورٹ) ہیروئن نہ ملکہ حسن پاکستان کے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم آسٹریلوی لڑکی شنیرا تھامپسن سے شادی کریں گے۔ آسٹریلوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے وسیم اکرم نے شنیرا تھامپسن کو شادی کا پیغام خود دیا ہے۔ شنیرا تھامپسن کہتی ہیں جب وسیم اکرم پرپوز کر رہے تھے تو یہ ان کی زندگی کا سب سے حسین لمحہ تھا۔ شادی کا پیغام دیتے ہوئے وہ کچھ نروس ہو گئے تھے۔ شنیرا نے کہا میں نے جواب دیا پہلے ابا سے پوچھو جب وسیم نے ابا سے پوچھا تو انہوں نے ہاں کر دی۔ وسیم اکرم کے بچے بھی شادی کے اس فیصلے پر خوش ہیں۔ وسیم اکرم خود کہتے ہیں انہوں نے دوبارہ شادی کا نہیں سوچا تھا۔ شنیرا تھامپسن کا تعلق میلبورن سے ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وسیم اکرم نے بتایا ان کی شنیرا تھامپسن سے 2011ءمیں ملاقات ہوئی۔ تین دن پہلے انہوں نے شنیرا کو مانچسٹر میں پرپوز کیا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران وسیم اکرم کے بیٹے بھی لاہور سے مانچسٹر آ گئے۔ وسیم اکرم نے درخواست کی تھی اس خبر کو افشا نہ کیا جائے۔ تاہم انہوں نے گذشتہ روز شادی کی خبر کی تصدیق کی۔ میں بہت خوش ہوں۔ اپنی بیوی کی وفات کے بعد خود وسیم اکرم اور دونوں بیٹوں کیلئے بہت مشکل تھا، ہما کی موت بہت بڑا دھچکا تھا، وسیم اکرم کا کہنا ہے شنیرا شکل و صورت کے ساتھ خوبصورت دل بھی رکھتی ہے انہیں پاکستان سے بہت دلچسپی ہے اور پاکستان آنے کیلئے بے چین ہیں۔ شنیرا نے اسلام قبول کر لیا ہے اور ایک سال کے بعد وہ شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ شنیرا تھامپسن اور میرے دونوں بیٹوں کی بہت اچھی انڈر سٹینڈنگ ہے۔ وسیم اکرم کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شنیرا تھامپسن کراچی میں وسیم اکرم کے گھر بھی آ چکی ہیں اور دونوں ایک دوسرے کو دو سال سے جانتے ہیں۔
وسیم اکرم