”سحروافطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنےکا اعلان خوش آئند ہے “

08 جولائی 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) حکومت رمضان المبارک کی فضیلت اور اہمیت کو سمجھتے ہوئے مہنگائی کا خاتمہ کرے۔ حکومتی ذمہ داران رمضان المبارک کے مہینے میں غریب عوام کو اللہ کی عبادت اور رحمتیں سمیٹنے کےلئے آسانیاں اور سہولتیں مہیا کرکے قوم کی دعاﺅں کے مستحق ٹھہریں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث کے ذمہ داران حافظ عبدالوہاب روپڑی اور مولانا شکیل الرحمن ناصر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں دنیا کے اکثر ممالک میں اشیاءخورد و نوش سستی کر دی جاتی ہیں وہاں رمضان المبارک کے ماہ میں پاکستان میں جو اسلامی جمہوری پاکستان ہے وہاں اشیاءکی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔ وزیراطلاعات پرویز رشید کی طرف سحروافطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت رحمتوں کے مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف یقینی بنائیں۔