آئی ایم ایف کی کڑی شرائط سے مہنگائی کا طوفان آئیگا: قاضی احمد سعید
لاہور (خبر نگار) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی میں تیزی سے اضافے ہو رہا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت کے آتے ہی ملک میں ضروریات زندگی کی اشیاءکی قیمتوں میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے ملک کے غریب لوگ اذیت میں مبتلا ہیں۔ نواز شریف کی حکومت نے عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کر کے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ جس کی وجہ سے عام لوگ اپنے گھروں کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہیں۔ ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام بلبلا اٹھے ہیں لوگوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں جبکہ حکمران اجلاس در اجلاس منعقد کر کے عوام کے ساتھ سنگین مذاق کر رہے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا جو طوفان آئیگا اس سے شاید متوسط طبقہ صفحہ ہستی سے مٹ جائے۔