ورلڈ ہاکی لیگ : پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر ساتویں پوزیشن حاصل کر لی

08 جولائی 2013

جوہر بارو(این این آئی) ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2کے مقابلے میں 6گول سے ہرا کر ایونٹ میں ساتویں پوزیشن حاصل کرلی۔ ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلی جارہی ورلڈ ہاکی لیگ میں ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے لئے پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں میدان میں اتریں۔ پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان کو جنوبی افریقا کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں گرین شرٹس نے مزید پانچ گول اسکور کئے جبکہ پروٹیز دو گول کرنے میں کامیاب رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وقاص، محمد رضوان سینئر، عامر شہزاد، عبدالحسیم خان اور عباس حیدر بلگرمی نے گول کئے۔ واضح رہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان سمیت 8 ٹیمیں حصہ لے رہی تھیں۔ ایونٹ کے گروپ میچوں میں قومی ٹیم نے دو میچز ڈرا کئے جبکہ جنوبی افریقا ہی کے خلاف کامیابی حاصل کرسکا، کوارٹر فائنل میں پاکستان کو جنوبی کوریا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔