رمضان میں ریلیف کیلئے سوا 3 ارب کی سبسڈی دی جا رہی ہے: ندیم کامران

08 جولائی 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے کہاہے کہ پنجاب حکومت رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سوا تین ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جس کے تحت رمضان بازاروں میں 10کلو آٹا 315روپے میں دستیاب ہو گا۔ ضلع ساہیوال میں معیاری اورسستی اشیائے کی فراہمی کیلئے 7رمضان بازار لگائے جارہے ہیں جہاں روزمرہ ضرورت کی تمام اشیاءمارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہونگی۔ رمضان بازار تحصیل ساہیوال میں ماڈل بازار‘ ڈسپنسری روڈ ‘ ٹاﺅن کمیٹی کمیر اور ہڑپہ اسٹیشن اورتحصیل چیچہ وطنی میں کمبوہ چوک‘مارکیٹ کمیٹی کسووال اور مین بازار 90موڑ پر لگائے جائیں گے۔ رمضان کے پورے مہینے میں 34پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کرینگے تاکہ کوئی ناجائز منافع خوری نہ کرسکے۔ حکومت نے ضلع ساہیوال کیلئے 10کلوآٹا کے 1965بیگز روزانہ کاکوٹہ مختص کیا ہے جو رمضان بازاروں کے علاوہ 72فیئر پرائس شاپس پر بھی دستیاب ہونگے۔ مخیر حضرات کے تعاون سے غریب عوام کو سحر وافطار کی مفت سہولت کی فراہمی کیلئے 14افطار دستر خوان لگائے جائیں گے۔