پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نرسوں کیلئے تربیتی کورس کا اہتمام

08 جولائی 2013

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نرسنگ ایجوکیشن پروگرام کے تحت انشور ٹو سیو ہیومن لائف کے عنوان سے نرسوں کے لیے تربیتی کورس منعقد کیا گیا۔ جس میں چیف ایگزیکٹو پی آئی سی پروفیسر بلال ذکریا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبیدہ نگہت، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ثمینہ یاسمین اور حال ہی میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے ایم ایس سی نرسنگ کرنے والی شگفتہ تسنیم اور روبینہ انعام نے شرکاءکو لیکچر دیئے۔ شرکاءکو فرسٹ ایڈ کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔ پروفیسر بلال ذکریا نے کہا کہ مریضوں کی جان بچانا طب سے وابستہ افراد کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی شفایابی میں نرسوں کا اہم کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے نرسوں پر زور دیا کہ وہ اپنے نالج کو اپ ڈیٹ رکھیں۔ ثمینہ یاسمین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور تیمارداری میں نرسوں کا کردار ڈاکٹرز سے کم اہم نہیں ہے۔