حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کو اولین ترجیح بنائے: زبیر احمد ظہیر

08 جولائی 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن و مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سینئر نائب امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کا سعودی عرب کو غریبوں کیلئے 500 مکانات کی تعمیر کیلئے جگہ فراہم نہ کرنا عوام دشمنی کا ثبوت ہے‘ حکمران اگر خود عوام کیلئے کچھ نہیں کر سکتے تو خدا کیلئے دوست ممالک کے منصوبوں کی راہ میں روڑے نہ اٹکائے جائیں‘ دہشت گرد ملک کا امن تباہ کر رہے ہیں حکومت کو پہلی ترجیح میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکمت عملی بنانا ہو گی‘ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ غیر ملکی طاقتیں بھی پاکستان کا امن تباہ کرنے میں ملوث ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دہشت گردی کسی ایک جماعت یا صوبے کا نہیں پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔