ترقی کیلئے معاشی استحکام و خود کفالت ناگزیر ہے: عطا محمد مانیکا

08 جولائی 2013

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ ن کی حکومت اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے ملکی معیشت کو بہتر بنا رہی ہے تاکہ عام آدمی کو روزگار ملے اور غربت و بے روزگاری کے اندھیرے دور ہوں۔ یہ بات صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال عطاءمحمد مانیکا نے ایک ہوٹل کی افتتاحی تقریب کے موقع پر لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت ہماری اہم قومی پہچان ہے آج اکیسویں صدی معاشی استحکام اور خود کفالت کے حصول کی صدی ہے یہی وجہ ہے کہ ترقی یافتہ قومیں اپنی مضبوط معیشت کے ذریعے دنیا پر حکمرانی کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایٹمی پاکستان کے بعد اب ہم معاشی دھماکے کریں گے جس نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا ہے اور اب بہت جلد اندھیرے دور کر کے اقتصادی قوت بھی بنائیں گے۔ مضبوط معیشت کے لئے توانائی کے وسائل کی تواتر سے فراہمی اشد ضروری ہے اس مقصد کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن ملک کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور قوم جلد لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کرے گی۔