منافع خوروں کےخلاف کارروائی کےلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دےدیں: رانا مشہود
لاہور (پ ر) صوبائی وزیرتعلیم و سیاحت رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوروں کے خلاف تادیبی کارروائی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی قیادت میں یہ ٹیمیں ہر مارکیٹ میں چھاپے ماریں گی اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے دکانداروں کو گرفتار کر کے عدالتوں سے انہیں جرمانہ اور سزا دلوائی جائے گی۔ اپنے حلقہ انتخاب کے علاقے جہانگیر ٹاﺅن میں عرصے سے خراب پڑے ہوئے ٹیوب ویل کی ازسر نو تنصیب کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہو گی کہ ضروری اشیاءکی ڈیمانڈ اور سپلائی میں زیادہ فرق نہ آنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ٹاﺅن‘ گلشن راوی کے ٹیوب ویل کی بحالی کا پراجیکٹ اگلے ہفتے مکمل کر لیا جائے گا۔ اس دوران علاقے کے عوام کو صاف پانی کی مفت فراہمی کا سلسلہ واسا کے واٹر ٹینکرز کے ذریعے جاری رکھا جائے گا۔