یوٹیلٹی سٹورز نے رمضان پیکج کے تحت اشیاءکی فروخت شروع کر دی

08 جولائی 2013

لاہور (سٹی رپورٹر+ خبر نگار) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت اشیائے خوردونوش کی فروخت شروع کر دی، حکومت کی طرف سے عوام کو رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش پر دو ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ رمضان ریلیف پیکج کے تحت عوام یوٹیلٹی سٹورز سے اشیائے خوردونوش پانچ سے دس فیصد تک خصوصی رعایت پر حاصل کر سکیں گے ۔اتوار کے روز ملک بھر میں عوام کی کثیر تعداد نے رمضان المبارک کی مناسبت سے خریداری کی۔ لاہور میں سستے رمضان بازار آج سے فروخت شروع کریں گے ۔پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلعی حکومت کی طر سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ شہر کے نو ٹاﺅنز میں مختلف مقامات پر 26 رمضان بازار لگائے جائینگے جن میں سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کئے جائینگے جبکہ بازاروں کی نگرانی کے لئے مارکیٹ کمیٹی اور ڈی سی او کی سپیشل ٹیمیں بھی موجود ہونگی۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے اس حوالے سے کہا ہے کہ حکومت پنجاب رمضان میں آٹے اور کھانے پینے کی اشیاءپر چار ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرےگی اور رمضان بازاروں میں 10کلوآٹے کا تھیلا 315روپے میں دستیاب ہوگا اور اس کا رنگ نارنجی ہو گا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10کلو آٹے کا تھیلا 335روپے اور 20کلوآٹے کا تھیلا 670روپے میں فروخت کیا جائے گا۔