نواز شریف کا دورہ چین معیشت کے فروغ کا باعث بنے گا: عبدالغفار روپڑی

08 جولائی 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم میاں نواز شریف کا دورہ چین تجارت، معیشت کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بنے گا۔ نئے طے کئے جانے والے معاہدوں کی صورت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ پاک چین مشترکہ اعلامیے میں جن اہداف کا ذکر کیا گیا ہے اگر وہ اپنی معینہ مدت میں حاصل ہو جاتے ہیں تو اس سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ پاکستان اس وقت نازک ترین حالات سے گزر رہا ہے۔ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں افراتفری کا عالم ہے۔ مہنگائی، بےروزگاری، لوڈشیدنگ ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی جیسے دیگر سنگین مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومت کو مستحکم اور پائیدار حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کا دورہ چین پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان درپیش دو بڑے مسائل دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ پاکستان کی معیشت کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ ان دو مسائل پر قابو پا کر ملک کی سلامتی اور بقا کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔