لیگی قیادت الیکشن مہم میں کئے گئے وعدوں سے منحرف ہو گئی: جاویدانصاری
ملتان (جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اخترانصاری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آغاز میں ہی عوام پر بلاجواز ٹیکسز کی بھرمار کرکے پہلے سے پسے طبقات کی چیخیں نکلوادی ہیں۔ الیکشن مہم کے دوران عوام کو سبز باغ دکھانے والی لیگی قیادت اپنے وعدوں سے قطعی منحرف ہو گئی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ اگر وہ عوام کو ریلیف فراہم نہیں کر سکتی تو کم از کم مہنگائی‘ بےروزگاری کے ستائے ہوئے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تاجر ملک سعید‘ ملک خالد اورملک وحید کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف عوام کی آواز حکومتی ایوانوں تک پہنچاتی رہے گی۔ اپنے حلقہ کے مسائل کو حل کرانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس کا احترام کرتے ہیں اور خیبرپختونخواہ میں دہشت گردی اور امن و امان کو یقینی بنانے کےلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔