ملتان سے آم کی برآمد خوش آئند بات ہے: سکندر بوسن

08 جولائی 2013

ملتان (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ حاجی سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ ملتان سے آم کی برآمد خوش آئند بات ہے پاکستانی آم ذائقے کے اعتبار سے دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اس کی کوالٹی کو مزید بہتر اور برآمد بڑھا کر کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لئے جلد ملتان ائرپورٹ سے کارگو سروس شروع کی جائے گی جبکہ وزیراعظم کے حالیہ دورئہ چین اور ایم او یو سائن کرنے سے انرجی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ تین روزہ ملتان مینگو فیسٹیول 2013ءکی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آم کی برآمد سے نہ صرف باغبانوں کو فائدہ ہو گا بلکہ روزگار کے مواقع بڑھیں۔ اس سلسلہ میں ان کی وزارت زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کوششیں کر رہی ہیں۔ ملتان مینگو گروورز ایسوسی ایشن کے صدر میجر (ر) طارق خان کی طرف سے آم کی برآمد شروع کرنے کا اقدام انتہائی خوش آئند ہے دیگر باغبانوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ڈی سی او گلزار حسین شاہ نے کہا کہ سرکاری سطح پر مینگو شو کا انعقاد نئی روایت ہے آم ملتان کی شناخت ہے اس کی برآمد بڑھانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ تقریب میں اچھے آم پیدا کرنے حوالے سے پوزیشن لینے والوں کو انعقاد و شیلڈز بھی دی گئیں۔ تقریب سے مینگو گروورز ایسوسی ایشن کے صدر سید زاہد حسین گردیزی ای ڈی او زراعت سردار محمد اکبر ڈی سی او یوسف حسن تتلا اور فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل پروجیکٹ ملتان کے ڈپٹی ڈائریکٹر حاجی نصیراحمد موجود تھے۔