حکومت نے واپڈا سمیت اداروں کی نجکاری کی بات کر کے ناکامی کا ثبوت دیا
ملتان (نامہ نگار خصوصی) واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل لیبر یونین کے مرکزی نائب صدر ملک شوکت علی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آتے ہی عوام اور محنت کشوں سے کئے گئے وعدے بھلا دئے ہیں۔ موجودہ حکومت نے واپڈا سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کی بات کر کے اپنی ناکامی کا ثبوت پیش کر دیا ہے۔ سابقہ حکمرانوں نے واپڈا کو رینٹل کے نام پر لوٹا اور موجودہ حکومت نجکاری پالیسی کے ذریعے لوٹنے کی تیاری کر رہی ہے۔ حکومت واپڈا افسران کو ضلعی انتظامیہ کے ماتحت کرنے کی بجائے حکومت واپڈا افسران کو مکمل اختیارات دئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک شوکت علی نے مزید کہا کہ واپڈا ہائیڈرو یونین حکومت سے مطالبہ کرتی ہے۔ واپڈا میں اراکین اسمبلی کی مداخلت ختم کرائے مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے۔ تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئے روز وفاقی وزیر پانی و بجلی کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ کا اعلان افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروباری صنعتکاروں کی حکومت ہے حکمران اداروں کو فروخت یا خود خریدنا چاہتے ہیں ایسا ہوا تو عوام سڑکوں پر آجائیں گے۔
شوکت علی