پیر ‘ 28 شعبان المعظم1434ھ ‘ 8 جولائی2013

08 جولائی 2013

 فخر الدین اور نجم سیٹھی پر اعتماد بڑی غلطی تھی۔راجہ ریاض
 راجہ ریاض کے ہوش ٹھکانے آرہے ہیں اب آہستہ آہستہ انکی ” بونگیاں“ سننے کو ملتی رہیں گی۔راجہ ریاض کو طبلہ پکڑ کر الزام تراشی کی بجائے اب یوں گویا ہوناچاہئے....
مرے سِر تے دو وال وے
کلّا میں نئیں پوری پی پی نڈھال وے
 پیپلز پارٹی والے آہستہ آہستہ سکتے سے باہر آرہے ہیں۔ راجہ ریاض جس فخرو بھائی اور نجم سیٹھی پر الزام لگا رہے ہیں ان دونوں احباب کو ان عہدوں پر لگانے کیلئے پی پی والے بضد تھے۔ منظور وٹو تو شکست پر اس قدر گھبراہٹ کا شکار ہیں کہ راجہ ریاض کی طرح بونگیاں بھی انکے منہ سے نہیں نکل پا رہیں۔ پیپلز پارٹی والوں کے لوٹ مار کے کارنامے تو کافی ہیں لیکن چیئر مین ای او بی آئی ظفر اقبال گوندل جو تین میں تھے نہ تیرا میں ۔انہوں نے بھی کافی سے زائد مالیت کی جائیداد بنا لی ہے۔ ظفر گوندل کا تعلق ضلع منڈی بہاﺅالدین کے شہر گوجرہ سے ہے اور یہ سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل اور سابق ایم پی اے میجر(ر) ذوالفقار گوندل کے بھائی ہیں۔راجہ جی یہ صرف راجہ رینٹل کی بارات وزیراعظم ہاﺅس نہیں گئی تھی یہ پوری پی پی کی بارات تھی جس نے اسقدر بے رحمی سے ملک کو لوٹا جیسے اناڑی قصاب بے رحمی سے جانور ذبحہ کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی والوں نے کُند چھری سے عوام کو ذبح کیا ہے۔ چیئر مین متروکہ وقف املاک آصف ہاشمی بھی اربوں روپے چہیتوں میں تقسیم کر گئے۔ راجہ جی پی پی کا قافلہ فخرو بھائی یا سیٹھی نے نہیں لوٹا یہ آپ کے ساتھیوں کے کرتوتوں کی سزا ملی ہے۔ آپ لوگوں نے ملک لوٹا جبکہ آپ کے مخالفین نے آپ کا قافلہ لوٹ لیا، اپنے سابق ریکارڈ کو سامنے رکھ کر اپنے گریبان میں جھانکیں آپ کی جماعت نے عوام کیلئے کیا کیا تھا، پچھلے پانچ سالوں میںقومی اداروں میں جو لوٹ مار ہوئی اس کے ذمہ دار کون ہیں....
تو فخرو، سیٹھی کی بات نہ کر
یہ بتا کہ قافلہ کیوں لُٹا
اب آپ کو ضمنی انتخابات کے چیلنج کا سامنا ہوگا جن کیلئے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی فہرست فائنل کرکے پارٹی قیادت کو بھجوائی جاچکی ہے۔اپنی رہی سہی عزت بچانی ہے توراجہ جی اپنی پارٹی قیادت کو عوام میں لے آئیں کیونکہ آپ کی کامیابی فخرو بھائی نہیں، عوام چُرا رہے ہیں
٭....٭....٭....٭....٭
 سید والا میں لوڈشیڈنگ کیخلاف انوکھا احتجاج، ڈھول بجا کر ماتم
 خواجہ صاحب لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام نے ڈھول بجانا شروع کردئیے ہیں۔اب آپ اور کیا بجوانا چاہتے ہیں؟ لوڈشیڈنگ18گھنٹوں تک پہنچ گئی ہے۔ شارٹ فال 5500 میگا واٹ ہوگیا ہے، کم وولٹیج سے برقی آلات خراب ہورہے ہیں۔ آپ تو راجہ ریٹنل کو بھی مات دے رہے ہیں۔ اب تو پنکھوں میں چڑیوں نے انڈے دیدئیے ہیں۔اس تسلی کے ساتھ کہ بجلی آئے گی نہ ہی پنکھا چلے گا جناب کہیں لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو زندہ درگور کرنے کی کوشش تو نہیں کی جارہی۔
 بجلی کاآنا یا نہ آنا یہ تو پورے ملک کا مسئلہ بنا ہوا ہے لیکن سید والا میں 4دن سے ٹرانسفارمرخراب ہے، واپڈا والے ٹرانسفارمر نیا رکھ رہے ہیں نہ ہی پہلے والے کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ان حالات میں عوام ڈھول بجا کر ماتم نہیں کرینگے تو کیا گُل پاشی کرینگے۔ حکومت عوام کے صبر کا امتحان نہ لے کیونکہ موسم بھی دشمن ہے زمین بھی شعلے اُگل رہی ہے جبکہ آسمان بھی روٹھا ہوا ہے ان حالات میں سُکھ کا سانس لینا کہاں نصیب ہے۔ آجا کر ہاتھ کے پنکھے کو ہی سہارا بنانا پڑتا ہے۔ خواجہ صاحب راجہ رینٹل کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ گئے تھے اب تکالیف دور کریں ورنہ آپ کاراجہ ریٹنل سے برا حال ہوگا۔
٭....٭....٭....٭....٭
 کینیڈا: تیل بردار ٹرین کو حادثہ دھماکے، ہولناک آتشزدگی30 عمارتیں تباہ، ایک ہلاک
 اتنے بڑے حادثے میں صرف ایک آدمی کی ہلاکت اسے کہتے ہیں انسانیت سے پیار، 30عمارتیں جل کر راکھ ہوگئیں لیکن انسانیت کے قدر دانوں نے انسانوں کو آگ میں سے اسی طرح بچایا جیسے مرغی چیل سے اپنے بچوں کوبچاتی ہے۔ ہمارے ہاں گزشتہ روزٹرین کی زد میں رکشہ آیا لیکن لواحقین نے اپنے پیاروں کی بوٹیاں چُن چُن کر اعضا پورے کیے ہیں۔ وزیر ریلوے نے امداد کا اعلان کرکے اپنا فرض پورا کردیا ہے ہم لوگ توانسانیت سے اسقدر بیزارہیں کہ اندھے کنوئیں میں دوسروں کو دھکا دینے سے باز نہیں آتے۔ کینیڈا سمیت یورپی ممالک میں انسانیت تو دور کی بات ہے وہ چوپاﺅں کی جان بچانے کیلئے بھی آتش نمرود میں کود پڑتے ہیں۔30عمارتیں تباہ ہوئیں 73بوگیاں الٹیں اور6دھماکے ہوئے لیکن حفاظتی اداروں نے فی الفور حالات کو قابو میں رکھنے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگادی۔ ہمارے ہاں ایسی ایمرجنسی میں گاڑی کوپہلے دھکا سٹارٹ کرنا پڑتا ہے بعدازاں پٹرول کی کمی کا سامنا ہوتا ہے آلات ناقص ہوتے ہیں ۔ہم اللہ کے آسرے پر ہی چل رہے ہیں۔1966 میںچین کی کمیونسٹ پارٹی کے ایک رہنما پاکستان آئے کمیونسٹ چونکہ اللہ پریقین نہیں رکھتے لیکن یہاں کے حالات دیکھ کر جب چینی رہنما واپس گئے تو اپنے ساتھیوں کے استفسار پر کہنے لگے کہ واقعی اللہ موجود ہے تو پاکستان چل رہا ہے ورنہ پاکستان کے حالات چلنے والے نہیں ہیں۔
٭....٭....٭....٭....٭