اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+سپورٹس رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے، بات چیت سے ہی راستے نکلتے ہیں۔ اب بغیر ثبوتوں کے سیاسی باتیں کی جا رہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئی کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سستا ترین انٹرنیٹ صارفین کو فراہم کیا جا رہا ہے، بغیر کسی ثبوت کے وی پی اینز کے بارے میں پروپیگنڈا کیا گیا، تنقید ضرور کریں مگر پاکستان کا تشخص برباد نہ کریں۔ میڈیا کرکٹ لیگ 2025ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا کرکٹ لیگ کے انعقاد پر تمام سپانسرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، خوبصورت کرکٹ گرائونڈ میں شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کو انعامات دئیے جائیں گے۔ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا بڑا ایونٹ بھی آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے پاکستان کا تشخص مزید بہتر ہو گا۔ اڑان پاکستان پروگرام میں کھیل بھی شامل ہیں۔ 2025ء خوشخبریوں کا سال ہے۔ متحد ہو کر پاکستان کی معیشت کو بہتر کر سکتے ہیں۔ سٹاک ایکسچینج دن بدن ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ اب تو سیاسی مخالفین بھی پاکستان کے معاشی استحکام کے معترف ہیں۔
اُڑان پاکستان منصوبے میں کھیل شامل، سیاسی مخالفین بھی معاشی استحکام کے معترف: عطا تارڑ
Jan 08, 2025