امریکی کانگریس پر حملے میں زخمی ہونے والا پولیس افسر چل بسا

امریکی کانگریس پرمشتعل افراد کے حملے میں زخمی ہونے والا ایک پولیس افسر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کاپیٹول پولیس کے مطابق یہ اہلکار مظاہرین کو کانگریس کی عمارت میں داخلے سے روکنے کے دوران زخمی ہوا تھا۔ واشنگٹن پولیس کے مطابق اس ہلاکت کی قتل کے طور پر تفتیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ بدھ کو سینکڑوں مظاہرین نے امریکی کانگریس کی عمارت پر حملہ کر دیا تھا۔ اس دوران مظاہرین محافظوں کو پرے دھکیلتے ہوئے اور عمارت کی کھڑکیاں توڑتے ہوئے اندر داخل ہو گئے تھے اور توڑ پھوڑ کی تھی۔ بعد میں تاہم پولیس نے عمارت مظاہرین سے خالی کرا لی تھی۔