پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اور پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت حسین ٹوئٹر پر الجھ پڑے اور اس لڑائی کے دوران اداکارہ نے سیاسی رہنما کو ’مرد دبننے‘ کا مشورہ دے دیا۔سماجی و سیاسی موضوعات پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرنے والی اداکارہ مہوش حیات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکہ کی جانب سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے ٹویٹ کی تو عامر لیاقت نے ان پر طنز کے تیر برسا دیے۔
مہوش حیات نے تحریر کیا کہ مجھے یقین نہیں آ رہا کہ 2020ء سال کو شروع ہوئے ابھی صرف 72 گھنٹے گزرے ہیں اور دنیا جنگ کے دہانے پر آن کھڑی ہے۔انہوں نے لکھا کہ ایسا تب ہوتا ہے جب ’آزاد دنیا کے لیڈران بین الاقومی قانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے یکطرفہ فیصلے لیتے ہیں۔ اس صورتحال کا تعلق صرف ایران اور امریکہ سے نہیں بلکہ ہم سب سے ہے۔ اے خدا! ہماری حفاظت فرما۔
اس ٹویٹ کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر لیاقت نے غیر اخلاقی جواب دتے ہوئے لکھا کہ
’تمغہ امتیاز کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آئٹم گرل امتیازی بیانات دیں، اُنہیں پاکستان کی پالیسی کے ساتھ چلنا چاہئیے اور ویسے بھی قاسم سلیمانی اگر حیات ہوتے تو کیا ایران میں انہیں پرفارم کرنے بلاتے؟‘اس غیراخلاقی اور ذاتی حملے کا جواب دیتے ہوئے معروف اداکارہ نے لکھا کہ آئٹم گرل اپنی رائے دینے کا جمہوری حق استعمال کررہی ہے جب کہ آپ اس کو لے کر ذاتی حملے کر رہے ہیں اور کچھ نہیں، ’مرد بنیں‘۔
مہوش حیات نے اپنی فلم لوڈ ویڈنگ کا حوالہ دیتے ہوئے بھی عامر لیاقت پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ویسے اُس مقدمے کا کیا ہوا جو آپ لوڈ ویڈنگ کو لے کر میرے خلاف دائر کرنے والے تھے؟ میں بے چینی سے اس کی منتظر ہوں۔
ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ عامر لیاقت نے مہوش حیات پر تنقید کی ہو، 2019 کے اوائل میں اینکر اور سیاسی رہنما عامر لیاقت نے ادکارہ کی فلم لوڈ ویڈنگ کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔