حکومتی اتحاد میں رہنے نہ رہنے کا فیصلہ سابق متحدہ مجلس عمل اور وفاق المدارس کے اجلاس میں کیا جائے گا: اکرم درانی
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اکرم درانی نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد سے باہر آنے یا نہ آنے کے فیصلے کیلئے سابقہ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) اور وفاق المدارس کا اجلاس آئندہ چند روز میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل واضح کیا جائے گا ۔ ترمیمی بل پر حکومت نے ہمیں اعتمادمیں نہیں لیا حالانکہ ہم ان کے اتحادی تھے، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اب دھرنوں اور مظاہروں کو چھوڑیں اور خوشیاں منائیں۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیں 21ویں ترمیمی بل میں اعتماد میں نہیں لیا۔ایک طرف ہمارے ساتھ مذاکراتی ٹیم مذاکرات کررہی تھی دوسری طرف ایوان میں ووٹنگ شروع کروا دی یہ کیا مذاکرات تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ترمیمی بل میں مذہب اور فرقے پر تحفظات تھے اور ہم نے کہا کہ اس میں تمام سیاسی جماعتیں جن کے عسکری ونگز ہیں انہیں بھی شامل کیا جائے اور اس سے سیاسی جماعتوں پر دبائو بڑھے گا اور دہشتگردی کے خاتمے میں ہمیں مدد ملے گی لیکن ہماری تجاویز پر غور نہیں کیا گیا۔ اکرم درانی نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے یکجا ہیں، پوری قوم اور فوج کے ساتھ ہیںتاہم ہم نے کسی کو سہولت دینے کیلئے ترمیمی بل کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ہمارے کچھ تحفظات تھے۔