پاکستان اور روس میں سٹریٹجک ڈائیلاگ رواں ماہ ماسکو میں ہوں گے
اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) پاکستان اور روس میں سٹریٹجک ڈائیلاگ کا تازہ رائونڈ رواں ماہ کے وسط میں ماسکو میں ہو گا۔ اس ڈائیلاگ میں دوطرفہ تعلقات، بالخصوص معاشی تعاون، سرمایہ کاری، تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری، دفاع و دفاعی پیداوار سمیت اہم موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم پاکستانی وفد کی قیادت کریں گی۔ دفتر خارجہ کے ایک ذریعہ کے مطابق دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان کا روس اور امریکہ کے ساتھ الگ الگ سٹریٹجک ڈائیلاگ بیک وقت اسلام آباد اور ماسکو میں ہو گا۔ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری تیرہ جنوری کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور ان ہی تاریخوں کو تسنیم اسلم ماسکو جائیں گی۔ یہ الگ بات ہے کہ پاک امریکہ ڈائیلاگ وزراء خارجہ کی سطح پر ہو رہا ہے جب کہ پاکستان اور روس کا سٹریٹجک ڈائیلاگ اب بھی حکام کی سطح پر ہے اور اسے سیاسی سطح تک بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاک روس سٹریٹجک ڈائیلاگ کے اولین اجلاس میں سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی لیکن اس سے اگلے ہی رائونڈ میں پاکستان نے نمائندگی کی سطح کم کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری یوروپ کو ڈائیلاگ کیلئے بھجوایا۔ اس بار بھی ایک ایڈیشنل سیکرٹری ہی پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں جس سے یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ اس ڈائیلاگ میں پاکستان کی دلچسپی کم ہوئی ہے حالانکہ گزشتہ تین برس میں پاکستان روس تعلقات میں شاندار پیشرفت ہوئی۔