پٹرول سستا ہونے کے باوجود پی آئی اے نے عمرہ کرایہ بڑھا کر 80 ہزار روپے کردیا
لاہور (سید شعیب الدین سے) دنیا بھر میں پٹرول کی قیمت آدھی رہ جانے کے باوجود پی آئی اے نے غریب عمرہ زائرین کے کرایوں میں اضافہ کر دیا۔ عمرہ سیزن کے آغاز پر پی آئی اے نے کرایہ 48 ہزار روپے فکس کیا تھا جو ناس ائر لائنز کے بند ہوتے ہی پہلے 62 اور اب 80 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے ساتھ کام کرنیوالے ٹریول ایجنٹس کے مطابق پی آئی اے نے عمرے کا کرایہ 48 ہزار روپے مقرر کیا تھا اس وقت دیگر ائر لائنز 55 سے 60 ہزار روپے پر بکنگ کر رہی تھیں مگر پھر ناس ائر لائنز جو کم کرایہ وصول کر رہی تھی کا پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن بندہو گیا۔ پی آئی اے نے یکدم 14 ہزار روپے کا اضافہ کیا اور پھر ہر تیسرے، چوتھے دن 4 سے 5 ہزار کا اضافہ کرکے ایک ماہ میں کرایہ 80 ہزار روپے تک پہنچا دیا ہے۔ اس وقت پی آئی اے 80 ہزار اور شاہین ائر لائنز اور ائر بلیو 90 ہزار سے ایک لاکھ تک سعودی عرب کا عمرہ کرایہ وصول کر رہی ہے۔ پی آئی اے کا گزشتہ عمرہ سیزن میں عمرہ کا کرایہ 70 ہزار روپے تھا جبکہ پٹرول کی قیمت 112 روپے فی لٹر تھی اب پٹرول 79 روپے لٹر ہے مگر کرایہ 80 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے اس وقت اپنا سارا زور عمرہ اور حج پروازوں پر لگائے ہوئے ہے کہ اس کے پاس جہازوں کی شدید کمی ہے۔ لیز پر لئے ہوئے جہاز ’’ایکسٹرا‘‘ کام کرنے پر اول تو تیار نہیں ہوتے اگر شیڈول سے زیادہ کام لیا جائے تو جہاز کا کرایہ اور عملے کا معاوضہ دوگنا دینا پڑتا ہے۔ پی آئی اے کے تینوں ’’جمبو‘‘ جو بیک وقت 500 مسافر سعودی عرب سے پاکستان اور پاکستان سے سعودی عرب پہنچا رہے تھے گرائونڈ ہو چکے ہیں۔ سعودی حکام نے نومبر میں ان جمبو طیاروں کا داخلہ بند کر دیا تھا۔ پی آئی اے اب اپنے 777 بوئنگ طیاروں کے ذریعے جدہ کیلئے ایکسٹرا پروازیں چلا کر عمرہ زائرین کی جیبوں سے زیادہ سے زیادہ پیسہ نکلوا رہی ہے مگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور سول ایوی ایشن محکمہ غفلت کی نیند سو رہا ہے پی آئی اے کو غریب عمرہ زائرین کی جیب کاٹنے سے روکنے والا کوئی نہیں ہے۔