این اے122:ٹربیونل نے کمشن کو 12 جنوری تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا
لاہور (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے وکیل نے عمران خان پر الزام لگایا ہے کہ این اے122 پر رپورٹ کے حوالے سے عمران خان ٹربیونل پر دبائو ڈال رہے ہیں جبکہ ٹربیونل نے کمشن کو 12 جنوری تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا ہے۔ بدھ کے روز الیکشن ٹربیونل میں این اے 122 کی سماعت ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے وکیل نے ٹربیونل کو بتایا کہ رپورٹس مکمل ہو چکی ہیں اور 13دن کے اندر جو رپورٹ مکمل ہوئی اس کی رپورٹ بھی کمشن کے پاس موجود ہے جبکہ لوکل کمشن نے کہا کہ وہ چار دن کے بعد رپورٹ جمع کرائیں گے لیکن سماعت کے دوران ٹربیونل نے کمشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر حالت میں رپورٹ 12 جنوری کو جمع کرائیں۔ایاز صادق کے وکیل نے الیکشن ٹربیونل میں موقف بھی اختیار کیا کہ عمران خان کی جانب سے لوکل کمشن پر دبائو ڈالا جارہا ہے لیکن ٹربیونل نے کہا کہ جب رپورٹ مرتب کر کے پیش کی جائے گی تو اس وقت تمام جانچ پڑتال کی جائے گی۔