کوٹہ کیس : خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دینگے، لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں خواتین کے ساتھ بھرتیوں کے معاملہ پر امتیازی سلوک کے خلاف آئی جی اور پنجاب حکومت سے 20 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار خواتین وکلا نے موقف اختیار کیا کہ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں بھرتیوں کے لیے خواتین کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا جبکہ مردوں کے لیے اوپن میرٹ رکھا گیا ہے جو امتیازی سلوک کے مترداف ہے۔ عدالت نے پنجاب حکومت کی جانب سے امتیازی سلوک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دیں گے۔ عدالت نے آئی جی پولیس اور پنجاب حکومت سے 20 جنوری کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ خواتین کیلئے کوٹہ مختص کیا گیا جبکہ مردوں کو اوپن میرٹ پر کیوں رکھا گیا ہے۔