ایل ڈبلیو ایم سی نے گذشتہ برس کلین اپ آپریشنز میں 19 لاکھ ویسٹ کو ٹھکانے لگایا
لاہور(خبر نگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) نے گزشتہ برس مجموعی طور پر متعدد کلین اپ آپریشنز میں 19لاکھ ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا جبکہ صفائی کی ہیلپ لائن 1139 پر موصول ہونے والی 34635 شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔ 132 صفائی و آگاہی مہموں کا انعقاد کیا گیا ۔ ایل ڈبلیوایم سی نے 2014 میں عید الاضحی ، عید الفطر، رمضان المبارک سمیت تمام اہم مواقعوں پر صفائی انتظامات یقینی بنا کر صاف ستھرے ماحول کے قیام کے عہد کو برقرار رکھا ۔جدید طریقے سے 3500 ٹن کوڑاکرکٹ روزانہ ٹھکانے لگانے کی حامل لینڈفل کے 2 سیل رواں برس مارچ میں فعال کر دئیے جائیں گے جبکہ تیسرے اور چوتھے سیل کی تعمیر کا کام اسی سال شروع کر دیا جائے گا۔ جبکہ شہر میں روزانہ پیدا ہونے والے 5000ٹن سے زائد کوڑاکرکٹ کو کامیاب و منافع بخش طریقے سے ٹھکانے لگانے کی حکمت ِ عملی پر بھی بہترین انداز میں کام جاری ہے۔