صاف پانی کی فراہمی کیلئے بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کو تبدیل کیا جائیگا : شہباز احمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے واسا انتظامیہ کو ہدایت کی ہے آئندہ مون سون سے قبل سیوریج اور ڈرینوں کی صفائی کا شیدول کال سینٹرز کو فراہم کر دیا جائے، سیوریج اور ڈرینوں کی صفائی کے دوران مقامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے ۔واسا اورٹی آر جی شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ہر ماہ میٹنگ کریں۔گزشتہ روز وائس چیئرمین نے واسا کال سینٹر1334 کا دورہ کیا۔ چوہدری شہباز احمدنے کہا کہ واسا نے شہر میں میگا پراجیکٹ شروع کر رکھے ہیں جس کے تحت شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے پرانی بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کو تبدیل کیا جائے گا۔اس وقت100واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے گئے ہیں جہاں سے شہری بلا تعطل مفت پانی حاصل کر رہے ہیںجبکہ مزید 200سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی نصب کئے جائیں گے۔وائس چیئرمین نے ہدایت کی کہ شہریوں میں آگاہی اشتہاری مہم چلائی جائے اور انہیں بتایا جائے کہ پینے کے پانی کا ضیاع نہ کیا جائے ۔