آشیانہ اور گرین پنجاب پروگرام کرپشن کے میگا منصوبے ہیں ، عوامی تحریک
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے ریسرچ ونگ نے پنجاب حکومت کے گرین پنجاب پروگرام اور آشیانہ ہائوسنگ منصوبوں کو ڈھونگ اور کرپشن کے میگا پروگرام قرار دیتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کم آمدنی والے شہریوں کو سستے گھر دینے کا چکمہ دیکر فارم فروخت کر کے ابتک کروڑوں روپیہ وصول کر چکی ہے جس کا کوئی حساب نہیں اور 3سال سے آشیانہ کے نام پر سیاست چمکانے کے باوجود چند سو گھر بھی تیار نہیں ہو سکے ۔اب پھر 60 ہزار شہریوں سے درخواست کے نام پر پیسے بٹور لیے گئے ۔رپورٹ کے مطابق 6ماہ قبل آشیانہ اقبال روڈ برکی کے ٹینڈرز میں وسیع پیمانے پر گھپلے سامنے آئے اور آشیانہ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنے والے ایک رکن اسمبلی کو بھی پراجیکٹ سے الگ کر دیا گیا، رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پنجاب حکومت کاگرین پنجاب پروگرام بھی ڈھونگ منصوبہ ہے، حقیقت یہ ہے کہ 2008 تک پنجاب میں دیہات میں فارم ٹو مارکیٹ روڈز کی شکل میں 100ارب روپے کی مالیت سے 37 ہزار کلو میٹر سڑکوں کا انفراسٹرکچر موجود تھا، ان سڑکوں کی حفاظت کیلئے ہر تین سال بعد مرمت ضروری تھی اور مرمت کیلئے خزانے سے ہر 3سال بعد38 ہزار روپیہ فی کلو میٹر مرمتی فنڈ بھی جاری ہوا جو مسلسل 6سال خرچ نہیں کیا گیا، اگر 6سالوں میں ہر تین سال بعد ڈیڑھ ارب روپیہ ان فارم ٹو مارکیٹ روڈز کی مرمت کے لیے استعمال کر لیا جاتا تو آج 100ارب روپے مالیت کا انفراسٹرکچر برباد نہ ہوتا۔