سینٹ انتخابات :کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے ساتھ پارٹی ٹکٹ منسلک کرنا لازمی ہےورنہ جانچ پڑتال میں فارمز خارج ہوسکتے ہیں:صوبائی الیکشن کمشنر
سینٹ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے ساتھ پارٹی ٹکٹ منسلک کرنا لازمی ہے بصورت دیگر جانچ پڑتال میں فارمز خارج ہوسکتے ہیں ،بلوچستان میں سینٹ کیلئے 28امیدواراوں نے سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں سے 12امیدوار آزاد جبکہ 16نے مختلف سیاسی جماعتوں کے توسط سے اپنی کاغذات جمع کرائے ہیں ۔سیاسی جماعتوں کی جانب سے سینٹ انتخابات میں کاغذات جمع کرانے کے ساتھ پارٹی ٹکٹ لازمی ہے تاہم بلوچستان میں سینٹ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے امیر افضل کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی ٹکٹ منسلک تھا جبکہ دیگر15امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی ٹکٹ منسلک نہیں کیا تھا۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی ٹکٹ نہ ہونے پر جانچ پڑتال کے موقع پر فارمز خارج ہوسکتے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر محمدنعیم مجید جعفر کے مطابق سینٹ کے انتخابات کیلئے کُل28امیدواران کی جانب سے فارمز جمع کئے گئے ہیں جن میں 15نے جنرل ،7نے ٹیکنوکریٹس/عالم اور 6خواتین نشستوں کے امیدواران شامل ہیں ،کاغذات نامزدگی کے اجراء اور جمع کرانے کا عمل 3فروری سے 8فروری تک جاری رہا اس دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے مجموعی طورپر152فارمز جاری کئے گئے ۔صوبائی الیکشن کمیشن کاکہناتھاکہ 12فروری تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران پارٹی ٹکٹ جمع کرایا جا سکتا ہے ورنہ ٹکٹ جمع نہ کروانے کی صورت میں فارم خارج ہو سکتے ہے۔