11 تاریخی مقامات کے قریب اورنج ٹرین کا کام تیزی سے جاری ہے: خواجہ حسان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ اورنج لائن کے ٹریک پر 10کلومیٹر طویل پٹری بچھالی گئی ہے‘ ڈیرہ گجراں سے محمود بوٹی تک چار کلومیٹر راستے کو ماہ رواں میں مکمل کر لیا جائے گا ۔ شہر کے 11تاریخی مقامات کے قریب میٹر و ٹرین منصوبے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔22کنال پر محیط جی پی او سٹیشن پر 15مارچ تک چھت ڈال دی جائے گی جو دنیا میں کسی بھی زیر زمین سٹیشن کی سب سے بڑی چھت ہو گی ۔ وہ اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے -اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا84.9فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکاہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا89.5فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا77.4فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا85.5فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا87فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔اس کے علاوہ منصوبے کا 42.6فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شالامار باغ ‘گلابی باغ‘بدھو کے مقبرے اور لکشمی چوک کے قریب پائلنگ ‘پائل کیپس اور ٹرانزم نصب کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ جلد ہی ان پر یوٹب گرڈرز نصب کر کے ٹرین کا ٹریک تیار کر لیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ جی پی او‘سپریم کورٹ رجسٹری اور سینٹ اینڈ ریوز چرچ کے قریب بھی پائلنگ کا کام خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا گیا ہے جہاں ٹرین کے لئے زیر زمین راستہ تعمیر کیا جا رہا ہے ۔