پاکستانی تاجروں کیلئے چینی صوبہ شنگڈو میں بے پناہ مواقع موجود ہیں: مدثر ٹیپو
لاہور (کامرس رپورٹر) چین کے صوبہ شینگڈو میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ چین کی 500 سے کمپنیاں شنگڈو صوبہ میں واقع ہیں۔ وہاں پاکستانی صنعتکاروں اور تاجروں کیلئے کاروباری اشتراک عمل کے لاتعداد مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس امر کا اظہار پاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ای کامرس گیٹ وے کے اشتراک سے ’’ پاک چین بین الصنعتی ترویجی پروگرام‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین حاجی عرفان یوسف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک میں صنعت و تجارت کے تمام ایوان اپنے پروگرام نئے عالمی معاشی نظام کے تناظر میں تشکیل دیں اور اس سلسلے میں ہمیں اپنے سب سے بڑے تجارتی حلیف چین کو مرکزی حیثیت دینی چاہیے۔ پاک چین جوائینٹ چیمبر کے صدر ایس ایم نوید اور ڈاکٹر خورشید نظام نے کہا کہ پاک چین جوائینٹ چیمبر او ر ای کامرس گیٹ وے کا مشترکہ پروگرام چین اور پاکستان کے سرما یہ کاروں کیلئے ایک کنونشن کا کردار انجام دے گا۔ افتتاحی تقریب سے ڈاکٹر اقبال قریشی، اعجاز عظیم اور مونس رحمان نے بھی خطاب کیا۔