تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں کلین سوئپ کریگی ‘ عارف علوی
کراچی(نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف صوبہ سندھ سمیت پورے ملک میں کلین سوئپ کرے گی کیونکہ حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار عوام کے سامنے ہے ۔ اندرونِ سندھ کے لوگ تبدیلی کے لیے بالکل تیار ہیں۔ سندھ کے لوگوں کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے۔ تعلیمی نظام تباہ ہوگیا اور صحت کے شعبے میں کارکردگی کا نام و نشان نہیں۔ پڑھا لکھا سندھی نوجوان روزگار کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔ اس فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کراچی سے لے کر اوباڑو تک متوسط طبقہ صرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف دیکھ رہا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے میرپور خاص اور حیدر آباد ڈویژن کے تین روزہ دورے سے واپسی کے موقعے پر پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر صوبائی ایڈیشنل سیکریٹری آغا ارسلان خان، سیکریٹری اطلاعات الیاس شیخ، قادری بھائی، دوا خان صابر، طاہر ملک، اظہر لغاری، نصرت واحد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔