چینیوں کی سکیورٹی‘ مزید اقدام کا فیصلہ‘ سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ کو اعتماد میں لیا
اسلام آباد (این این آئی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پر کام کرنیوالے چینیوں کی سکیورٹی اور تحفظ کیلئے جائنٹ ورکنگ گروپ کا چوتھا اجلاس بدھ کو ہوا جس میں چینی وفد نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسٹرنل سکیورٹی افیئرز وزارت خارجہ کیو ژیاولن جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ فرح حامد خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے سی پیک منصوبوں پر کام کرنیوالے چینیوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کیلئے حکومت پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ چینی وفد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول آرمڈ فورسز مسلح افواج کی فعال شرکت سے تشکیل دیئے گئے جامع سکیورٹی فریم ورک کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ وزیر داخلہ کی ہدایات پر سی پیک کنٹریکٹرز کیساتھ ماہانہ بنیادوں پر ملاقاتیں کی جاتی ہیں اور کام کرنے کے مقام پر پیش آنیوالے مسائل اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالہ سے جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسٹرنل سکیورٹی افیئرز وزارت خارجہ کیو ژیاولن نے سی پیک کی سکیورٹی کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پاکستان سکیورٹی ماڈل ون بیلٹ ون روڈ منصوبوں کیلئے دیگر ممالک کیلئے بھی رول ماڈل ہو گا۔