شام: روسی طیاروں کی بمباری‘5 بچوں سمیت مزید25 جاں بحق‘70 سے زائد زخمی
دمشق ، نیویارک (اے ایف پی +نیوز ایجنسیاں ) دمشق کے قریب روسی طیاروں کی باغیوں کے زیر کنٹرول قصبے میں بمباری سے پانچ بچوں سمیت مزید 25 شہری ہلاک اور70 زخمی ہوگئے ،3 روز میں ہلاکتیں 138ہوگئیں۔ فرانسیسی وزیر خارجہ جین لی ڈریان نے کہا شامی فوج کی طرف سے باغیوں کے خلاف کلورین گیس ہتھیار استعمال کرنے کے اشارے ملے ہیں ۔ شامی حکومت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دمشق کے نواح میں واقع ایک تحقیقاتی مرکز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے، جمرایا میں واقع اس تنصیب پر کئی راکٹ داغے گئے لیکن شامی فوج کے دفاعی نظام نے کئی راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ دمشق میں ایک فوجی اڈے پر موجود اسلحے کے ذخیرے کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے جہاں مشتبہ طور پر کیمیائی ہتھیار رکھے گئے تھے۔ شام کے میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی جہازوں نے فوجی تنصیبات پر میزائل داغے۔ایک نگراں ادارے کا کہنا ہے کہ جمرایہ میں گولہ بارود کے ایک ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس مقام کے بارے میں مغربی ممالک کو شبہ تھا یہاں کیمیائی ہتھیار بنائے جاتے ہیں۔