قوم نواز لیگ اور پیپلزپارٹی سے تنگ آچکی ہے ، میر منظور کھوسہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سینئر رہنمامیر منظور خان کھوسہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی ناقص کارکردگی کی بدولت تحریک انصاف تیزی کے ساتھ مقبول ہونے والی سیاسی جماعت ہے ۔ عمران خان صوبے کے عوام کے مقبول ترین لیڈر ہیں آئندہ الیکشن میں پورے ملک کی طرح بلوچستان میں بھی تحریک انصاف سرپرائز رزلٹ دے گی ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر بلوچستان کی آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔ وہ کراچی میں اپنی صاحبزادی کی شادی کے موقع پر نوائے وقت سے گفتگو کررہے تھے۔ میر منظور خان کھوسہ نے کہاکہ قوم پیپلزپارٹی اور نواز لیگ سے تنگ آچکی ہے آنے والا کل تحریک انصاف کا ہے۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد سے حقیقی پیپلزپارٹی ختم ہوچکی ہے پنجاب اور بلوچستان سے پیپلزپارٹی کا پہلے ہی صفایا ہوچکا ہے ن لیگ کے قائد نواز شریف اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے نااہل ہوچکے ہیں کرپشن کے کیسز میں جلد فیصلے آنے کے بعد وہ جیل میں ہوں گے آئندہ الیکشن میں قوم نواز لیگ کو مسترد کردے گی۔