اتر پردیش: استعمال شدہ سرنج سے 146 بھارتیوں میں ایڈز پھیلانے والا اتائی ڈاکٹر گرفتار
نئی دہلی (اے ایف پی) بھارتی ریاست اترپردیش میں استعمال شدہ سرنج کے ذریعے 146 دیہاتی افراد کو ایڈز میں مبتلا کرنے والا اتائی ڈاکٹر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ اترپردیش پولیس کے مطابق غیرلائسنس یافتہ ڈاکٹر راجندر یادیو ریاست کے جنوبی ضلع انائو میں غریب دیہاتیوں کے گھر پر جا کر انہیں سستی طبی خدمات مہیا کرتا تھا جس دوران ملزم راجندر نے 146 افراد کو استعمال شدہ سرنج کے بار بار استعمال سے ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا کر دیا۔ پولیس نے ملزم ڈاکٹر کو ایڈز کا انفیکشن پھیلانے کی نشاندہی پر گرفتار کیا اور اس کے خلاف غفلت اور انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے پر مقدمہ درج کر لیا۔ ملزم راجندر سے برآمد ہونیوالے اوزار فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھیج دیے گئے ہیں۔