واٹر کمیشن کے سربراہ نواب شاہ پہنچ گئے، فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ
نواب شاہ (نامہ نگار)واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ریٹائرڈ) امیر ہانی مسلم نے گذشتہ روز نواب شاہ پہنچ کر شہریوں کو پانی کی فراہمی والے الٹر فلٹریشن پلانٹ اور روہڑی کینال کے کنارے تالابوں کا معائنہ کیا انہوں نے پانی کے تالابوں میں مٹی کی موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا اور 15 دن کے اندر اسٹوریج ٹینکوں کی صفائی کا حکم دیا بعد میں جسٹس (رٹائرڈ) امیرہانی مسلم نے گجراواہ اور اس سے منسلک شہر کو پانی کی فراہمی کے فلٹریشن پلانٹ اور تالابوں کا معائنہ کیا جہاں پر گندگی کی موجودگی پر پاک اوسز کے نمائندوں پر غصے کا اظہار کیا اور ٹینکوں کو روزانہ کے بنیاد پر صاف کرنے کا حکم دیا اور اس کام کی نگرانی کے لئے مجسٹریٹ مقرر کرنے کے احکامات صادر کئے فلٹریشن پلانٹ کے دورے پر انہوں نے مقامی کمپنی کے ایڈمنسٹریٹر سے پوچھا کہ فلٹریشن پلانٹ میں روزانہ کتنی مقدار میں پانی فلٹرکیا جاتا ہے اور کتنا پانی شہر کو سپلائی کیا جاتا ہے جس پر وہ مناسب جواب نہ دے سکا جس پر جسٹس (رٹائرڈ)امیرہانی مسلم نے پاک اوسز کے صوبائی سربراہ کو رپورٹ سمیت 16 فروری کو اپنے دفتر میں طلب کرلیا ہے اس موقع پر سیکریٹری آبپاشی جمال مصطفیٰ سید،چیف انجنئیر پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ ڈپارٹمنٹ شمس الدین شیخ، ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد نعمان صدیق لاٹکی، چیف میونسپل آفیسر اور دیگر افسران موجود تھے بعد میں واٹر کمیشن نے دوڑ اور باندھی میں پانی فراہم کرنے والے ٹینکوں اور پلانٹ کا معائنہ بھی کیا۔