پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس آج سپیکر کی زیرصدارت ہو گا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس آج سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں دن گیارہ بجے کمیٹی روم نمبر دو میں ہو گا جس میں اعلی ٰ عسکری قیادت قومی سلامتی سے متعلق امور پر بریفنگ دیگی۔ اجلاس میں پاک امریکہ تعلقات علاقائی سالمیت، پاکستان کی آزادی و خودمختاری، پاک افغان تعلقات کے تناظر میں خارجہ اور دفاعی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں عسکری، حساس اور سکیورٹی اداروں کے سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے، امریکہ کی طرف سے پاکستان کو دی جانے والی امداد کے حوالے سے مشیر خزانہ حقائق سے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کو آگاہ کریں گے۔ وزیر دفاع، وزیر خارجہ، مشیر بھی خصوصی دعوت پر مدعو کئے گئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ بھی خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔ کمیٹی کے ارکان کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں سے ہے۔۔ وزارت خزانہ کو اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں امریکہ کی طرف سے ملنے والی امداد کے اعداد و شمار بھی کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کو کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے حالیہ فیصلوں کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔