ٹی وی چینلز ’’ویلنٹائن ڈے‘‘ کو فروغ دینے سے باز رہیں: پیمرا کا انتباہ
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے الیکٹرانک میڈیا، ریڈیو سٹیشنوں کو ویلنٹائن ڈے کو اجاگر نہ کرنے کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ پیمرا کے جاری نوٹیفکیشن میں الیکٹرانک میڈیا کو یاد دہانی کرائی گئی کہ ویلنٹائن ڈے کو فروغ دینے پر پابندی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار ہے۔ نوٹیفکیشن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے پابندی سے متعلق فیصلے کا متن بھی شامل ہے۔ گزشتہ سال 13 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اس درخواست پر فیصلہ سنایا تھا، جس میں’ ویلنٹائن ڈے کو غیر اسلامی دن' قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔