بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جلاﺅ گھیراﺅ سے ہونیوالے نقصانات کے ازالے کیلئے 10 ارب سے زائد منظور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں ایکنک کے اجلاس میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں شمالی علاقہ جات کے لئے سیلاب کی روک تھام کیلئے 3 ارب 94 کروڑ روپے لاگت کے منصوبے کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں پنجاب کے ترقیاتی منصوبے میں نجی شراکت بڑھانے کی بھی منظوری دیدی۔ منصوبے کی کل لاگت 23 ارب 47 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ اس منصوبے پر 11 ارب 79 کروڑ روپے لاگت آئیگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس منصوبے کیلئے پی ایس ڈی پی کے ذریعے رقم دی جائیگی۔ ایکنک نے گریٹر کراچی سیوریج پلان کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں زور دیا گیا کہ منصوبوں کی مانیٹرنگ کا موثر نظام ہونا چاہئے۔ ایکنک نے نیشنل الیکٹرانکس کمپلیکس آف پاکستان (مرحلہ ایک) کی تکمیل کی میعاد میں اضافہ کی بھی منظوری دیدی۔ ایکنک نے وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام فیز II کو بھی منظور کر لیا۔ اس پر 33 ارب 62 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اجلاس میں موجود سندھ کے نمائندے نے کہا کہ ان کا صوبہ اس پروگرام میں کسی قسم کی کنٹری بیوشن نہیں کریگا۔ جلالپور ایری گیشن نہر کو تعمیر کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ اس پر 32 ارب 72 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اجلاس میں 5 ارب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے پاپن ڈیم پراجیکٹ تعمیر کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی نے بے نظیر بھٹو کی دہشتگردی کے حملے میں شہادت کے بعد پھوٹنے والے فسادات و جلاﺅ گھیراﺅ کے نقصانات کے ازالے کیلئے 10 ارب 46کروڑ 11 لاکھ سے زائد کی بھی منظوری دیدی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں اعلی سطح کے اجلاس میں قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر تعینات پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ایکنک