وزارت قانون و انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین ایڈہاک ججوں کو مستقل اور ایک جج کو فارغ کر دیا
اسلام آباد + لاہور (خبر نگار + وقائع نگار خصوصی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین ایڈہاک ججوں کو مستقل کر دیا گیا جبکہ ایک جج کو فارغ کر دیا گیا ہے۔ وزارت قانون و انصاف کے نوٹیفکیشن کے مطابق مستقل کئے گئے ججوں میں جسٹس منیر پراچہ‘ جسٹس قلب حسن اور جسٹس راجہ اکرم شامل ہیں جبکہ راشد قریشی کے بھائی جسٹس ساجد قریشی کو فارغ کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن صدر زرداری نے آئین کے آرٹیکل 193 کے تحت جاری کیا‘ یہ جج صاحبان کل بروز پیر حلف اٹھائیں گے۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق پرویز مشرف کے دور حکومت میں لاہور ہائیکورٹ میں تعینات ہونے والے 10 ایڈیشنل ججوں کو 6‘ 6 ماہ کی توسیع دے دی گئی ہے۔ جسٹس محمد اشرف بھٹی‘ جسٹس رانا زاہد محمود‘ جسٹس کاظم علی ملک‘ جسٹس حافظ طارق نسیم‘ جسٹس خلیل احمد‘ جسٹس ایم اے ظفر‘ جسٹس ملک سعید اعجاز‘ جسٹس سید شاہین مسعود رضوی‘ جسٹس علی اکبر قریشی اور جسٹس محمد احسن بھون 9 فروری کو ایک سال کے لئے تعینات ہوئے تھے۔ انہیں اس لئے کنفرم نہیں کیا گیا کیونکہ بعض حلقوں کی جانب سے کئی ایک جج صاحبان کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے 10 ایڈیشنل ججوں کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔