پشاور (بیورو رپورٹ + ریڈیو نیوز + ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں پر ہونے والے امریکی میزائل حملے مستقبل میں بند ہو جائیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ قبائلی علاقوں پر اپنی رائے بدلے۔ گورنر ہاؤس پشاور میں قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فاٹا کے لئے سالانہ ترقیاتی فنڈ میں 3 ارب روپے اضافے‘ آئندہ مالی سال میں ا ے ڈی پی کا بجٹ دوگنا کرنے اور دہشت گردی‘ ہوائی حملوں میں جاںبحق اور زخمی ہونے والوں کیلئے 28 کروڑ روپے معاوضے کا اعلان کیا‘ انہوں نے کہا کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کا چیلنج قبول کیا ہے اور اپنی سرزمین دہشت گردوں کو استعمال نہیں کرنے دینگے‘ قبائلی علاقے کا جلد دورہ کروں گا۔ انہوں نے کہا قبائلی علاقوں میں امن قائم کرکے انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا وعدہ ہر حال میں پورا کیا جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور آج بھی وہ دہشت گردی کے خلاف مصائب کے باوجود بہادری سے سرگرم عمل ہیں انہوں نے کہا کہ فاٹا میں امن کے قیام کو یقینی بنا کر اس سے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرانا ہمارا مشن ہے کیونکہ ذولفقار علی بھٹو اور بینظیر نے ہمیشہ قبائلی علاقو ںکو بھر پور اہمیت دی‘ انہوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ دس سال کے دوران قبائلی علاقوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے سبب عسکریت پسندی اور دہشت گردی نے یہاں اپنی جگہ بنائی لیکن اب ہماری کوشش ہے کہ صورتحال کو معمول پر لایا جائے جس کیلئے خود قبائلی عوام بھی ہمارے ساتھ ہمرکاب ہیں‘ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں دہشت گردی اور ہوائی حملوں سے 610 افراد جاںبحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے‘ انہوں نے کہا معاوضے کی رقم جلد ادا کر دی جائے گی۔ انہوں نے عسکریت پسندی کے خلاف جنگ کی قیادت اور فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لئے قبائلی علاقوں کے دورے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ وہ ان کے دورے سے پہلے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے تجاویز تیار کر کے ایوان صدر بھجوائیں۔ صدر نے کہا کہ وہ امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک سے ملاقات میں عسکریت پسندی اور قبائلی علاقوں سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی تعاون طلب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تسلیم کرنا چاہئے کہ عسکریت پسندوں نے ہماری سرزمین کو استعمال کیا اور ملک کی خودمختاری پر حملے کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کا اعتراف کر کے ہی ملک میں امن اور ہم آہنگی کو بحال کر سکتے ہیں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024