لاہور نے فضائی آلودگی میں ایک بار پھر سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور فضائی آلودگی میں دنیا کا سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ایئرکوالٹی انڈیکس کے اعدادوشمار کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 221 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر چین کا شہر وہان کا ایئر کوالٹی انڈیکس197 رہا ہے۔ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق تیسرے نمبر پر بھارت کا شہر دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 191 رہا جبکہ چوتھے نمبر پر ویتنام کا شہر ہنائی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 185 رہا ہے۔
واضح رہے کہ باغوں کے شہرلاہور میں اسموگ کے باعث مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں جبکہ پنجاب گورنمنٹ کی جانب سے سخت انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔پنجاب کے علاقے پتوکی میں صبح اور شام کے اوقات میں اسموگ کا راج برقرارہے ، جہاں بااثر زمینداروں کی جانب سے فصلوں کی باقیات کو جلانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔اس کے علاوہ فیکٹریوں اور بھٹوں سے نکلنے والا دھواں اسموگ کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریاں بھی پھیلا نے کا سبب بن رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم بدستورخشک اور سرد رہے گا۔پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں اسموگ / دھند میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستورخشک رہے گا۔ تاہم میدانی اضلاع میں اسموگ / دھند میں اضافے کا امکان ہےاس دوران شہری احتیا طی تدابیر اختیار کریں۔