مولانا فضل الرحمان بتائیں استعفی کہاں ہے ؟ الیکشن کمیشن کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا، حکومت بھی اپنے 5 سال پورے کرے گی. شیخ رشید احمد
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی)ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کہتے تھے استعفی لینے آیا ہوں وہ بتائیں استعفی کہاں ہے ؟وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے انجمن تاجران پرنٹنگ پریس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر آپس میں اس طرح مت لڑیں جس طرح اسمبلی میں لڑائی ہوتی ہے۔ آپ لوگ مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر آج بڑھ رہی ہے اور اب مہنگائی اور بے روزگاری پر بھی جلد قابو پالیں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی میں ہماری بیٹیوں کی 4 یونیورسٹیاں ہوں گی جبکہ ماں بچہ اسپتال بھی بنا رہے ہیں جس میں 14 آپریشن تھیٹر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا اور حکومت بھی اپنے 5 سال پورے کرے گی۔ آرمی چیف کی تین سال تک توسیع ہو جائے گی۔ کشمیر کے بھائیوں کو ہم نہیں بھولے ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا آج پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، آرمی چیف کا مقدمہ ہو یا وزیر اعظم کا، میڈیا ان مقدمات پر آزادانہ تبصرے کرتا ہے۔ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔