قوم میں تبدیلی کے لیے پہلے خود میں تبدیلی لانا ہوگی، نواب تیمور تالپور
کراچی ( لیڈی رپورٹر ) قوم میں تبدیلی کے لیے پہلے خود میں تبدیلی لانا ضروری ہے، بہتر پاکستان کے لیے ہمیں اپنی سوچ ،عادات اور اپنے عمل کو مثبت کرنا ہوگا، ان ؎خیالات کااظہار صوبائی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات اور کوسٹل ڈیولپمنٹ نواب محمد تیمور تالپور نے یوتھ پارلیمنٹ کے تحت انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے موقع پر تیسری جدید پاکستان کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں کمشنر کراچی افتخار شلوانی، صوبائی وزیرتعلیم و ثقافت اور ٹورازم سید سردارعلی شاہ، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ، پی پی کی رکن صوبائی اسمبلی ندا کھوڑو، پی ٹی آئی رہنما انیسہ ولی اللہ، سابق سینیٹر عبد الحسیب خان، سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم زمان خان، سماجی رہنما منصور رضا، ہیپی پیلس اسکول کے صدر آصف خان،زیڈ انٹرنیشنل اسکول کے سابق صدر ذیشان الطاف لوہیا ، ماہر اقتصادیات ڈاکٹر قیصر بنگالی، آئی ایم کراچی کی فاونڈنگ ممبر اور رائٹر رومانہ حسین، ڈائریکٹر پروگرامز ایف ای ایس ایف انیتا فلورجن سمیت دیگر شعبہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر یوتھ پارلیمنٹ کے فاونڈر چیئرمین رضوان جعفر کا کہنا تھا کہ ہیومن ڈیولپمنٹ کا انحصار صرف تعلیم پر نہیں بلکہ اس کے لیے دیگر نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں۔