مختصرعدالتی خبریں
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ کے علاقوں میں پولی تھین بیگ کی تیاری اور خریدو فروخت پر پابندی قانونی قرار دیدی۔لاہور ہائیکورٹ نے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے ایکسیئن عبدالخالق کی درخواست پر 19ویں گریڈ میں ترقی نہ دینے کے خلاف دائر کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو درخواست گزار کا موقف سن کر ایک ماہ میں فیصلہ سنانے کا حکم دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب میاں منظور احمد وٹو کو مخالف امیدوار کے اثاثوں کے گوشواروں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوا دی اور سابق وزیر اعلی کا موقف سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ۔لاہور ہائیکورٹ نے ایچ ای سی کی جانب سے گلوبل یونیورسٹی کے طالب علموں کی ڈگریوں کی تصدیق نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر ایچ ای سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ ہائیکورٹ نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے وزارت خارجہ سے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ہائیکورٹ نے صاف پانی کو محفوظ کرنے لیے دائر درخواست پرچیف سیکرٹری کے پیش نہ ہونے پر کیس کی سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کر دی۔