پاکستان نے یو اے ای کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے راہ ہموار کرلی
کراچی(نیوز رپورٹر) پاکستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ گروپ بی میں فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل کی راہ ہموار کرلی۔ جمعہ کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ہانگ کانگ کو 28 رنز سے ہرادیا۔گروپ اے میں کولمبو میں میزبان سری لنکا نے آسان حریف عمان کو 109 رنز سے جبکہ بھارت نے افغانستان نے 74رنز سے شکست دی ۔ ہفتہ کو گروپ اے میں میزبان سری لنکا کا افغانستان سے جبکہ بھارت کا عمان سے مقابلہ ہوگا ۔گروپ بی میں ٹیموں کا ریسٹ ڈے ہوگا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے متحدہ عرب امارات کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔اشفاق احمد ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 69جبکہ محمد عثمان 51رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کے عاشق علی نین 34رنز کے عوض تین جبکہ خوشدل شاہ نے 29رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں گرین شرٹس نے صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت کی سنچریوں کی بدولت ہدف باآسانی 39 اوورز میں حاصل کرلیا۔