قومی نائب کپتان پر پابندی، ٹیم منیجر حسن سردار نے فیصلے کو تعصب قرار دیدیا
بھونیشور(آئی این پی)پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار نے نائب کپتان عماد شکیل بٹ کیخلاف ایک میچ کی پابندی کے فیصلے کو ڈچ جج کی تعصب پسندی قرار دے دیا۔اپنے وڈیو پیغام میں حسن سردار کا کہنا ہے کہ عماد بٹ کے خلاف فیصلہ ڈچ جج نے دیا ہے جو بخوبی جانتا ہے کہ پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان 9 دسمبر کو شیڈول میچ ڈو اینڈ ڈائی والا ہے، گرین شرٹس کی طاقت کو کم کرنے کے لئے ڈچ ریفری نے ہمارے خلاف فیصلہ دیا ہے۔حسن سردار نے کہا کہ ملائشیا کے خلاف میچ کے بعد بھی ہمیں عماد بٹ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا تھا، میچ کے دوران عماد بٹ نے کوئی ڈیش نہیں کیا جس کی وجہ سے امپائر نے کارڈ دکھایا نہ ہی اس طرح کا کوئی اور فال دیا۔