سی پیک کابینہ کمیٹی اجلاس: چین کے ساتھ صنعتی تعاون فریم ورک پر دستخط کی منظوری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کی سربراہی میں سی پیک کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سی پیک کے مطابق آٹھویں جے سی سی اور ایجنڈے پر بریفنگ دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے ایجنڈے کیلئے پاکستانی وفد کی منظوری دی گئی۔ آٹھواں جے سی سی کا اجلاس 20 دسمبر کو بیجنگ میں ہو گا۔ سی پیک صنعتی تعاون پر پیشرفت کا جائزہ اور صنعتی تعاون پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ کابینہ کمیٹی نے چین کے ساتھ صنعتی تعاون فریم ورک پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی۔ خسرو بختیار نے ہدایت کی کہ صنعتی زونز میں چینی صنعتوں کی منتقلی کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ کمیٹی نے رشکئی اقتصادی زون کے سنگ بنیاد کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ خسرو بختیار نے کہا کہ سی پیک میں سماجی و زرعی سیکٹر کو شامل کرکے بنیاد کو وسعت دی ہے۔ کمیٹی نے صوبوں سے مل کر پائلٹ پروجیکٹس کی شناخت اور جے سی سی میں لے جانے کی ہدایت کی اور گوادر منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور گوادر ائرپورٹ، ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ، گوادر ہسپتال کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ گوادر پاور پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کر دی گئی۔