عوام کو صحت کے حوالے سے تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے‘ صدر
اسلام آباد (نامہ نگار) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کے حوالے سے تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، لوگوں میں بیماریوں سے بچائو اور ان کی بروقت تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، احتیاط اور پرہیز کے ذریعے بیماریوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اس مد میں ہونے والے اخراجات کی بھی بچت ہو گی، علاج معالجہ کے عمل میں ہمدردی کے عنصر کو شامل کر کے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں، لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر بھی توجہ دی جانی چاہیے۔ وہ جمعہ کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ہیلتھ سمپوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوارڈینیشنعامر محمود کیانی اور پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راجہ امجد محمود نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے پمز میں علاج معالجہ کی سہولیات اور انتظامیہ کی جانب سے ان میں بہتری کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ طہارت نصف ایمان ہے، ہمیں علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ معاشرے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے رجحان کو بھی فروغ دینا ہو گا۔